پاکستان چینی صدر کے گلوبل گورننس انیشی ایٹو کی مکمل حمایت کرتا ہے: اسحاق ڈار

نیویارک:(دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان چینی صدر کے گلوبل گورننس انیشی ایٹو کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

امریکہ کے شہر نیویارک میں گلوبل گورننس فورم سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈارکا کہنا تھا کہ عالمی کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے کیلئے چینی قیادت کا عزم لائق تحسین ہے، پاکستان اور چین ایک منصفانہ اور جامع عالمی نظام کے حامی ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاک چینی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور یکساں عالمی نظریات پر مبنی ہے، چین عالمی امور میں استحکام کی علامت اور ترقی پذیر ممالک کا مضبوط ساتھی ہے۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان صدر شی جن پنگ کے گلوبل گورننس انیشی ایٹو کی مکمل حمایت کرتا ہے، دنیا کو اس وقت متعدد اور ایک دوسرے سے جڑے ہوئے بحرانوں کا سامنا ہے۔

 اسحاق ڈار نے کہا کہ یکطرفہ پسندی اور بین الاقوامی قوانین کے سلیکٹو استعمال نے عالمی استحکام کو نقصان پہنچایا، دنیا کو یکطرفہ پسندی کے بجائے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق یکجہتی کی ضرورت ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی قوانین کا نفاذ یکساں اور بغیر کسی دوہرے معیار کے ہونا چاہیے، عالمی تعلقات میں تصادم کے بجائے تعاون کو ترجیح دی جانی چاہیے، عالمی طرز حکمرانی میں اصلاحات کے دوران ترقی پذیر ملکوں کی امنگوں کو ترجیح دی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں