اقوام متحدہ کا لبنان اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافے پر اظہار تشویش
نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ صورتحال مزید بگڑنے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
اقوام متحدہ کے ترجمان فرحان حق نے کہا ادارہ گزشتہ شب ہونے والی کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا شکار ہے جس میں بیروت پر فضائی حملے اور شمالی اسرائیل پر حزب اللہ کی جانب سے مبینہ راکٹ حملے شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی عبوری امن فورس نے ہفتے کے اختتام پر اسرائیلی فوجی پوزیشنوں سے فائرنگ کے 2 ہزار 100 سے زائد واقعات ریکارڈ کئے۔
اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے لبنانی فضائی حدود کی 201 خلاف ورزیاں بھی ریکارڈ کی گئیں، شمال سے جنوب کی جانب داغے گئے درجنوں گولے اور راکٹ بھی ریکارڈ کئے گئے، عام شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو کسی بھی صورت نشانہ نہیں بنایا جانا چاہئے۔
اقوام متحدہ کی امن فورس بھی براہ راست اس تنازع سے متاثر ہو رہی ہے، ایک قافلے کے قریب ڈرون کی پروازیں دیکھی گئیں، جبکہ بعض دیگر قافلوں اور بکتر بند گاڑیوں کی نقل و حرکت کو شہریوں اور ایک اسرائیلی ٹینک کی جانب سے روکے جانے کے واقعات بھی پیش آئے۔