گوجرانوالہ: پسند کی شادی کرنے پر باپ نے بیٹی، داماد اور نوکر کو قتل کر دیا
گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) غیرت کے نام پر لرزہ خیز واردات ہوئی، باپ نے بیٹی، داماد اور نوکر کو قتل کر دیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ لرزہ خیز واردات تھانہ کینٹ کے علاقے میں ہوئی، باپ نے پسند کی شادی کا رنج رکھتے ہوئے بیٹی، داماد اور نوکر کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتارا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین میں فائزہ، اس کا شوہر وحید اور نوکر ذوالفقار شامل ہیں، واردات کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، فائزہ نے والدین کی مرضی کے خلاف وحید سے پسند کی شادی کی تھی۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ ملزم طارق نے میاں بیوی کو بہانے سے گھر بلا کر فائرنگ کر دی، ملزم کو پکڑنے کیلئے کارروائی شروع کر دی گئی ہے جسے جلد حراست میں لے لیا جائے گا۔