محکمہ ٹورازم کے کنٹرولر کی تعیناتی کے 2025 کے رولز کالعدم قرار

لاہور:(دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ ٹورازم کے کنٹرولر کی تعیناتی سے متعلق 2025 کے سروس رولز کالعدم قرار دے دیے۔

 جسٹس راحیل کامران نے درخواست گزار حافظ غضنفر علی کی درخواست پر 17 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ کنٹرولر ٹورسٹ سروسز کا عہدہ خصوصی نوعیت کا ہے، اس لیے اس عہدے پر تعیناتی کے لیے متعلقہ تعلیمی قابلیت، تربیت اور تجربہ ضروری ہے، صرف پی اے ایس یا پی ایم ایس افسر ہونے کی بنیاد پر کنٹرولر کی تعیناتی کا معیار غیرمنصفانہ ہے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ حکومت سروس رولز میں تبدیلی کر سکتی ہے، تاہم میرٹ اور تمام امیدواروں کو مساوی مواقع کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے، کنٹرولر کی تعیناتی میں متعلقہ شعبے کے تجربے کو مکمل طور پر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

عدالت نے قرار دیا کہ نئے رولز میں کنٹرولر کی تعیناتی کے لیے کوئی متعلقہ تعلیمی قابلیت یا تجربہ مقرر نہیں کیا گیا، جبکہ ڈپٹی کنٹرولر کے لیے پانچ سال کا متعلقہ تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے، کنٹرولر کے عہدے کے لیے تجربہ ختم کرنے کی کوئی معقول وجہ بیان نہیں کی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ نے حکومت پنجاب کو ہدایت کی کہ کنٹرولر ٹورسٹ سروسز کی تعیناتی کے لیے معقول، واضح اور متعلقہ تعلیمی و تجربے کے معیار پر نئے رولز مرتب کیے جائیں، نئے رولز کی تشکیل کے بعد کنٹرولر کی تعیناتی کا عمل ازسرنو کیا جائے۔

عدالت نے مزید ہدایت کی کہ حکومت نئی تعیناتی کا عمل تین ماہ کے اندر مکمل کرے، عدالت کے مطابق متعلقہ تجربہ رکھنے والے افسران کو محض سروس وابستگی کی بنیاد پر نظرانداز کرنا امتیازی سلوک کے زمرے میں آتا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...