قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں پاکستان ہاؤس لندن میں عشائیہ، محسن نقوی کی بھی شرکت

لندن: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں پاکستان ہاؤس لندن میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں، ٹیم انتظامیہ، اعلیٰ حکام اور برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

عشائیے کی میزبانی پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کی جبکہ وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، اسلام آباد میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی شرکت کی۔

پاکستان ہاؤس لندن میں ہونے والی تقریب میں کھلاڑیوں کے ساتھ ملاقات اور تصاویر کا سلسلہ بھی جاری رہا، پاکستانی کمیونٹی نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا اور آنے والے میچز میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ پوری قوم کی نظریں ٹیم پر ہیں، انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ دباؤ کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔

تقریب میں میئر لندن صادق خان نے بھی شرکت کی اور پاکستانی کھلاڑیوں سے ملاقات کی، انہوں نے کپتان بابر اعظم اور قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلرز کی تعریف کرتے ہوئے ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پاکستان ہاؤس لندن میں عشائیہ قومی ٹیم کے دورۂ انگلینڈ اور ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقد کیا گیا تھا، تقریب میں پاکستانی کھلاڑیوں نے میزبانوں اور پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کی اور یادگاری تصاویر بھی بنوائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...