ملک میں جاگیرداروں اور وڈیروں کا راج، غریبوں پر ٹیکسز بڑھا ر ہے: حافظ نعیم الرحمان
کراچی :(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں جاگیرداروں اور وڈیروں کا راج جو غریبوں پر ٹیکسز بڑھا ر ہے ہیں۔
شہر قائد میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز پاکستان میں ٹیکس بھی ادا نہیں کرتیں جبکہ عوام پر بجلی کے بم گرائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کسی فرد یا سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ اس نظام کے خلاف ہے جو عوام پر معاشی بوجھ بڑھا رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا دھرنے کے شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ عوامی تحریک نے پورے پاکستان کو جوڑ دیا ہے، بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں احتجاجی دھرنے دیے گئے ہیں، جبکہ بلوچستان میں 20 مقامات پر دھرنے دیے گئے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت مڈل کلاس پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھا رہی ہے، جبکہ متوسط طبقہ اس وقت دو وقت کی روٹی کے لیے بھی پریشان ہے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان میں جاگیرداروں اور وڈیروں کا راج ہے اور یہ طبقہ ہر سیاسی جماعت میں موجود ہے۔
ان کا کسانوں کی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کسانوں سے گندم 2200 روپے فی من خرید کر مارکیٹ میں 5 ہزار روپے فی من تک فروخت کی جاتی ہے، شوگر ملز کے حوالے سے بھی الزام عائد کیا کہ شوگر ملز مافیا کبھی چینی کی درآمد اور کبھی برآمد کی اجازت کا مطالبہ کرتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو معلوم ہو چکا ہے کہ حکومت ٹیکس کے نام پر بھتہ وصول کر رہی ہے، جماعت اسلامی ذاتی مفادات کے لیے نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔
تعلیم کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ صوبے میں تعلیمی نظام کی صورتحال خراب ہوئی ہے جس کے باعث نویں جماعت کے طلبہ فیل ہو رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سندھ حکومت پر بھی تنقید کی اور کہا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی 18 سال سے اقتدار میں ہے، جماعت اسلامی کسی فرد یا پارٹی کے خلاف نہیں بلکہ ایسے نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے جس میں عوام معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں یہ آواز بھی اٹھ رہی ہے کہ ’’مریم طیارہ کیس‘‘ کھولا جانا چاہیے۔
انہوں نے دھرنے کی تحریک کو عوامی حقوق کی جدوجہد قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ اس تحریک نے ملک بھر کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں کردار ادا کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments