قیصر احمد شیخ کی نٹالی بیکر سے ملاقات، پاک امریکا اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانے پر زور
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر سے ملاقات کی، جس میں پاکستان امریکا اقتصادی و تجارتی تعاون اور باہمی کاروباری روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قیصر احمد شیخ نے پاکستان امریکا تعلقات کے فروغ میں نٹالی بیکر کی سفارتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ منعقد کرنے کا اعلان کیا۔
وفاقی وزیر نے سرمایہ کاری، تجارت اور کاروباری روابط کے فروغ کے لیے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعاون مزید بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے۔
ملاقات میں معدنیات، توانائی، زراعت، آئی ٹی اور صحت کے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی گفتگو ہوئی۔
قیصر احمد شیخ نے بتایا کہ کاروباری ماحول میں بہتری اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے 550 سے زائد اصلاحات کی گئی ہیں، جبکہ بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق اسلام آباد بزنس فسیلیٹیشن سینٹر نے پہلے سال 6.6 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کی، جبکہ اس کے ذریعے 20 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی معاونت کی گئی۔
قیصر احمد شیخ نے پاکستان امریکا کے کاروباری روابط مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔
ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ ورلڈ اکنامک فورم کی سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ امپیکٹ میٹنگز 2026 میں وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے اور کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لیے اقدامات کررہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments