دبئی: بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ 2026ء کی نمائش میں پاکستان پویلین کا افتتاح

دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ 2026ء کی 30ویں نمائش کے موقع پر پاکستان پویلین کا افتتاح کر دیا۔

یہ بین الاقوامی نمائش 6 سے 8 اکتوبر تک جاری رہے گی، جس میں دنیا بھر سے بیوٹی، پرسنل کیئر، کاسمیٹکس، اسکن کیئر، ہیئر کیئر، پرفیومری، بیوٹی ٹیکنالوجی اور پیکیجنگ کے شعبوں سے وابستہ ادارے شرکت کر رہے ہیں۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر علی زیب خان اور قونصلر محمد ہارون چوہدری بھی قونصل جنرل کے ہمراہ تھے، پاکستانی نمائش کنندگان کی شرکت ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، ٹی ڈی اے پی، نے دبئی میں پاکستان قونصلیٹ جنرل کے کمرشل سیکشن کے تعاون سے ممکن بنائی ہے۔

ٹی ڈی اے پی کے زیر اہتمام 4 پاکستانی کمپنیاں نمائش میں شریک ہیں، جہاں وہ بیوٹی اور پرسنل کیئر کے شعبے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی صنعتی صلاحیت، معیاری مصنوعات اور برآمدی استعداد کو عالمی خریداروں اور کاروباری نمائندوں کے سامنے پیش کر رہی ہیں۔

قونصل جنرل حسین محمد نے پاکستانی کمپنیوں کی شرکت کو پاکستان کی برآمدات کے فروغ کے لیے اہم قدم قرار دیا، اور کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے ایک اہم منڈی اور وسیع تر علاقائی مارکیٹ تک رسائی کا مؤثر راستہ ہے۔

ان کے مطابق بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ پاکستانی کمپنیوں کو معیاری مصنوعات متعارف کرانے، کاروباری روابط بڑھانے اور نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔

ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر علی زیب خان نے کہا کہ یو اے ای کی بڑھتی ہوئی بیوٹی اور کاسمیٹکس مارکیٹ پاکستانی مینوفیکچررز اور برآمد کنندگان کے لیے اپنی مصنوعات کی رسائی کو وسعت دینے کا اہم موقع پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستانی مصنوعات کے لیے اہم برآمدی منڈی اور عالمی تجارتی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔

بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ 2026ء میں 70 ممالک سے 1,400 سے زائد نمائش کنندگان شریک ہیں، نمائش میں خوشبوؤں، کاسمیٹکس، اسکن کیئر، ہیئر کیئر، بیوٹی ٹیکنالوجی، مشینری، پیکیجنگ، پرفیومری، پرسنل کیئر اور حفظانِ صحت سمیت مختلف شعبوں کی جدید مصنوعات اور ٹیکنالوجیز پیش کی جا رہی ہیں، جبکہ پاکستان پویلین ملک کی بیوٹی انڈسٹری اور برآمدی صلاحیت کو عالمی سطح پر اجاگر کر رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...