20 سال قبل چوری ہونے والی پینٹنگ مصنوعی ذہانت کی مدد سے برآمد

میلان: (ویب ڈیسک) اٹلی میں مصنوعی ذہانت کے جدید نظام نے چوری شدہ فن پاروں کی شناخت میں اہم کامیابی حاصل کرلی، ایک پینٹنگ کی بدلی ہوئی شکل پہچان کر اسے 20 سال بعد برآمد کرلیا گیا۔

اٹلی میں پولیس نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے 20 سال قبل چوری ہونے والی ایک پینٹنگ تلاش کرلی، سترہویں صدی کا یہ فن پارہ 2004 میں ایک چھوٹے گرجا گھر سے چوری کیا گیا تھا، جسے بعد ازاں اس کی اصل شناخت چھپانے کے لیے تبدیل کردیا گیا۔

مصنوعی ذہانت کے نظام نے پینٹنگ میں رنگوں، نقش و نگار اور ترتیب کی مماثلتوں کی مدد سے اسے شناخت کیا، حالانکہ اس میں موجود مذہبی علامات بھی مٹا دی گئی تھیں۔

یہ واقعہ اکتوبر 2024 میں اٹلی کے شہر پارما میں نوادرات کے سالانہ میلے کے دوران سامنے آیا، جہاں پولیس اہلکار مختلف فن پاروں کی تصاویر لے کر اپنے ڈیٹابیس میں شامل کر رہے تھے۔ چند گھنٹوں بعد مصنوعی ذہانت کے نظام نے ایک پینٹنگ کو مشتبہ قرار دیا، جس میں ایک نوجوان خاتون ہاتھ میں کاغذ کا صفحہ اٹھائے ہوئے تھی۔

تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ یہ دراصل سینٹ اگنیس کی وہ پینٹنگ تھی جسے 11 اگست 2004 کو نیپلز کے قریب واقع علاقے سولمونا کے ورگو پوٹینس گرجا گھر سے چوری کیا گیا تھا، چوروں نے پینٹنگ میں موجود سفید بھیڑ، ہالے اور کھجور کی شاخ کو تبدیل یا مٹا کر اسے ایک عام نوجوان خاتون کی تصویر بنا دیا تھا۔

اٹلی کی پولیس نے 2020 میں چوری شدہ فن پاروں کی شناخت کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام تیار کرنا شروع کیا تھا، جسے اسٹولن ورکس آف آرٹ ڈیٹیکشن سسٹم (سوڈز) کا نام دیا گیا۔ نومبر 2023 میں متعارف کرائے جانے کے بعد اس نظام کی مدد سے 300 سے زیادہ بڑے چوری شدہ فن پارے اور مجسمے، جب کہ ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد سکے، تمغے، خطوط، مخطوطات، مذہبی اشیا، ڈاک ٹکٹ اور کارڈز برآمد کیے جا چکے ہیں۔

حکام کے مطابق ان اشیا کی مجموعی مالیت 20 کروڑ 30 لاکھ یورو سے زیادہ ہے۔ یہ نظام انٹرنیٹ، آن لائن نیلام گھروں اور تجارتی ویب سائٹس پر موجود تصاویر کا بھی مسلسل جائزہ لیتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت چوری شدہ فن پاروں کی تلاش میں مؤثر معاون ثابت ہو رہی ہے، تاہم یہ انسانی تفتیش اور قانونی تعاون کا متبادل نہیں۔ ناقص تصاویر، نقل شدہ فن پاروں اور سہ جہتی اشیا کی شناخت اب بھی اس ٹیکنالوجی کے لیے چیلنج ہے۔

دو دہائیوں سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باعث اس پینٹنگ کی چوری کے معاملے میں قانونی کارروائی ممکن نہیں رہی، تاہم 20 مئی 2025 کو اسے واپس گرجا گھر کے حوالے کردیا گیا، جہاں اسے بحال کرکے دوبارہ اپنی اصل جگہ آویزاں کیا جانا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...