روس افریقہ سربراہی اجلاس میں 33 معاہدوں کی تیاری، 3 سالہ عملی منصوبہ بھی ایجنڈے میں شامل
ماسکو: (شاہد گھمن) روس کے دارالحکومت ماسکو میں تیسرے روس افریقہ سربراہی اجلاس کے موقع پر مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے 33 بین الحکومتی، بین الادارہ اور تجارتی معاہدوں سمیت اہم دستاویزات پر دستخط کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔
روسی صدارتی معاون یوری اوشاکوف کے مطابق دو روزہ سربراہی اجلاس کے نتائج میں سیاسی، اقتصادی اور تجارتی تعاون سے متعلق متعدد دستاویزات شامل ہیں، جن کا مقصد روس اور افریقی ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
سربراہی اجلاس کے ایجنڈے میں روس افریقہ مشترکہ اعلامیہ، مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تعاون سے متعلق الگ اعلامیہ اور 2027 سے 2029 تک روس افریقہ شراکت داری کا عملی منصوبہ بھی شامل ہے۔
مجوزہ تین سالہ عملی منصوبے کے ذریعے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صنعت، تعلیم، سائنس اور جدید ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کا پروگرام ہے۔
ماسکو میں منعقدہ اجلاس کے دوران افریقی علاقائی تنظیموں کے ساتھ تعاون کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی، روسی صدر ولادیمیر پوتن نے افریقی علاقائی تنظیموں کے سربراہان سے ملاقات میں کہا کہ روس افریقی یونین اور دیگر علاقائی اداروں کے ساتھ تجارتی، مالیاتی اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔
روسی صدر کے مطابق افریقی براعظمی آزاد تجارتی علاقے، مشرقی و جنوبی افریقہ کی مشترکہ منڈی، مشرقی افریقی کمیونٹی اور وسطی افریقی ریاستوں کی اقتصادی کمیونٹی کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے متعدد بین الحکومتی اور بین الادارہ دستاویزات کی منظوری دی گئی ہے۔
صدر پوتن نے افریقہ اور یوریشیا کے درمیان اقتصادی انضمام کو فروغ دینے پر بھی زور دیا اور کہا کہ یوریشین اقتصادی یونین کے ترجیحی تجارتی نظام سے افریقہ کے 47 ممالک فائدہ اٹھا رہے ہیں، جن میں سے 32 ممالک کو کسٹم ڈیوٹی سے مکمل استثنیٰ حاصل ہے۔
روسی حکام کے مطابق سربراہی اجلاس میں 48 افریقی ممالک کے وفود شریک ہوئے، اجلاس میں عالمی سلامتی، تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، زراعت، توانائی اور جدید ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
روس افریقہ سربراہی اجلاس کے پروگرام میں شامل معاہدوں اور دستاویزات کو دونوں فریقوں کے درمیان طویل المدتی اقتصادی اور سفارتی تعاون کے فروغ کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments