دبئی میں 30 روزہ قومی جشن کا آغاز، اماراتی پرچم، ثقافت اور ورثے کے رنگ نمایاں ہوں گے

دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی میں آج 3 نومبر سے متحدہ عرب امارات کی قومی تقریبات کا ایک ماہ طویل سلسلہ شروع ہو رہا ہے، جو 2 دسمبر تک جاری رہے گا۔

دبئی میڈیا آفس کے تخلیقی ادارے برانڈ دبئی نے قومی مہینے کے تحت شہر بھر میں ثقافتی، سماجی اور خصوصی تقریبات کے انعقاد کا اعلان کیا ہے، جن میں سرکاری، نیم سرکاری اور نجی ادارے حصہ لیں گے۔

اس خصوصی مہم کا مقصد متحدہ عرب امارات کی قومی شناخت، ثقافتی ورثے، تاریخی کامیابیوں اور اتحاد کے جذبے کو اجاگر کرنا ہے، تقریبات میں شہریوں، رہائشیوں اور سیاحوں کو بھی شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد امارات کی قومی خوشیوں میں شریک ہوسکیں۔

قومی مہینے کی نمایاں سرگرمیوں میں یومِ پرچم کی تقریبات، عید الاتحاد کا جشن، پرچموں کا باغ، اماراتی پریڈ اور اتحاد و قومی عزم سے متعلق مختصر فلموں کا مقابلہ شامل ہیں، ان پروگراموں کے ذریعے اماراتی ثقافت، تخلیقی صلاحیتوں اور قومی یکجہتی کو نمایاں کیا جائے گا۔

برانڈ دبئی کی ڈائریکٹر شیماء السویدی کے مطابق مختلف اداروں کے تعاون سے ایسی سرگرمیاں ترتیب دی جا رہی ہیں جو ملک کی تاریخ، قومی اقدار اور مستقبل کی امنگوں کی عکاسی کریں گی۔

اس سال قومی تقریبات کو خصوصی اہمیت حاصل ہے کیونکہ متحدہ عرب امارات 2 دسمبر کو اپنا 55 واں عید الاتحاد منائے گا، دبئی کے مختلف علاقوں میں ہونے والی سرگرمیوں کی مزید تاریخوں اور مقامات کا اعلان مرحلہ وار کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...