نئی آٹو پالیسی میں گاڑیوں کی برآمدات کو ترجیح دی گئی: ہارون اختر خان
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر نے کہا ہے کہ نئی آٹو پالیسی میں گاڑیوں کی برآمدات کو ترجیح دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر کا مشترکہ پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ بڑی صنعتوں کی ترقی اور گاڑیوں کی برآمدات میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی آٹو پالیسی میں برآمدات کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے، جس سے گاڑیاں بنانے کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔
مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ برآمدات پر مبنی پالیسی کی تیاری کے لیے بھرپور محنت کی گئی اور طویل مشاورت کے بعد پالیسی مرتب کی گئی ہے۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، خطے کی صورتحال اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے باعث الیکٹرک گاڑیوں کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نئی آٹو پالیسی میں گاڑیوں کی برآمدات کو ترجیح دی گئی ہے، پالیسی پر عمل درآمد سے گاڑیاں بنانے کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔
مشیر وزیراعظم نے مزید کہا کہ ماضی میں گزشتہ دس سال کے دوران آٹو پالیسیز بنائی جاتی رہیں، تاہم اس کے باوجود گاڑیوں کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہو سکا۔
عطا تارڑ
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ عام آدمی کی گاڑی میں وہ سہولیات فراہم نہیں کی گئیں جو بیرون ملک شہریوں کو دستیاب ہیں، الیکٹرک گاڑیوں اور سکوٹیز کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے جو ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ الیکٹرک سکوٹی کے استعمال اور الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ سے فضا میں کاربن کی مقدار کم کرنے میں مدد ملے گی اور ماحول کو فائدہ پہنچے گا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی ہو رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments