حراستی تشدد کیس: ایف آئی اے کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دینے کی درخواست خارج
لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے حراستی ملزم پر تشدد کے الزام میں ایف آئی اے کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دینے سے متعلق درخواست خارج کر دی، عدالت نے قرار دیا ہے کہ سرکاری اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے قبل متعلقہ اتھارٹی کی منظوری لازمی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد ظفر نے حراستی ملزم پر مبینہ تشدد سے متعلق اہم فیصلہ جاری کر دیا، عدالت نے یہ فیصلہ ندیم مسیح کی جانب سے دائر درخواست پر سنایا۔
درخواست گزار کے مطابق فیصل آباد پولیس نے اس کے بھائی کو حراست میں لے کر تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جس پر سیشن کورٹ فیصل آباد نے ایف آئی اے کو معاملے کی انکوائری کرنے کا حکم دیا، تاہم ایف آئی اے نے انکوائری کے بعد مقدمہ درج نہیں کیا، جس کے خلاف درخواست گزار نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ سرکاری اہلکاروں کے خلاف حراستی تشدد کی شکایات کی تحقیقات کا اختیار ایف آئی اے کو حاصل ہے، تاہم مقدمہ درج کرنے سے قبل متعلقہ اتھارٹی سے منظوری لینا لازمی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ اگر ایف آئی اے مقدمہ درج نہیں کرتی تو متعلقہ اتھارٹی تحریری طور پر اس کی وجوہات بتانے کی پابند ہے۔
عدالت نے مزید قرار دیا کہ میڈیکل رپورٹ سے جسم پر زخموں کی موجودگی ثابت ہو سکتی ہے، لیکن اس بنیاد پر کسی مخصوص ملزم کا تشدد میں ملوث ہونا ثابت نہیں کیا جا سکتا، محض میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر پولیس اہلکاروں کو تشدد کا ذمہ دار قرار نہیں دیا جا سکتا۔
فیصلے کے مطابق سیشن کورٹ فیصل آباد نے بھی ایف آئی اے کو صرف انکوائری کرنے کا حکم دیا تھا، مقدمہ درج کرنے کی ہدایت نہیں کی تھی۔
عدالت نے قرار دیا کہ اگر درخواست گزار ایف آئی اے کی جانب سے انکوائری بند کیے جانے سے متاثر ہے تو وہ متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتا ہے، درخواست گزار کو سیشن کورٹ فیصل آباد میں پرائیویٹ کمپلینٹ دائر کرنے کا بھی حق حاصل ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments