پنجاب حکومت کے گلف سٹریم طیارے کا آپریشنل کنٹرول پاک فضائیہ کے سپرد

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے اپنے طیارے گلف سٹریم G-500 کا آپریشنل کنٹرول اور مینٹیننس پاک فضائیہ کے سپرد کرنے کی منظوری دے دی۔

پنجاب حکومت نے اپنے جدید سرکاری گلف سٹریم G-500 اس حوالے سے باقاعدہ منظوری دیتے ہوئے پنجاب حکومت اور پاکستان ایئر فورس کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے مسودے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

دوسری جانب ’دنیا نیوز‘ نے پنجاب حکومت کے سرکاری گلف سٹریم طیارے سے متعلق اہم سرکاری دستاویزات حاصل کر لیں، جن کے مطابق جدید جیٹ طیارے کی دیکھ بھال اور آپریشن کے دوران تکنیکی مشکلات سامنے آئیں۔

دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کے وی آئی پی فلائٹ ونگ کی محدود تکنیکی صلاحیت کے باعث جدید طیارے کو مکمل طور پر سنبھالنا مشکل ہو رہا تھا۔

اِسی طرح گلف سٹریم  کے جدید اور پیچیدہ نظام کو چلانے کے لیے خصوصی تکنیکی مہارت، تربیت یافتہ عملے اور جدید انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے، پاکستان ایئر فورس کے پاس طیارے کی دیکھ بھال اور آپریشن کے لیے مطلوبہ تکنیکی مہارت اور تربیت یافتہ عملہ موجود ہے۔

اِسی کے پیش نظر پنجاب حکومت کے وی آئی پی فلائٹ ونگ نے آپریشنل کنٹرول اور مینٹیننس کی ذمہ داری پاک فضائیہ کو منتقل کرنے کے لیے مشاورت کی۔

سرکاری دستاویزات میں بتایا گیا کہ پنجاب حکومت کا گلف سٹریم طیارہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی سے ڈی رجسٹر کیا جا چکا ہے، جبکہ پاکستان ایئر فورس نے طیارے کو اپنا ٹیل نمبر بھی الاٹ کر دیا۔

پاک فضائیہ کے تین حاضر سروس پائلٹس کی خدمات ڈیپوٹیشن پر پنجاب حکومت کے حوالے کی گئی ہیں، جو پنجاب حکومت کے پائلٹس کے ساتھ مل کر طیارے کے فلائٹ آپریشن انجام دے رہے ہیں۔

دستاویزات میں جدید جیٹ طیارے کی محفوظ پرواز، مسلسل آپریشنل تیاری اور چوبیس گھنٹے دستیابی یقینی بنانے کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔

صوبائی کابینہ نے طیارے کا آپریشنل کنٹرول اور مینٹیننس پاک فضائیہ کے سپرد کرنے، سول ایوی ایشن سے ڈی رجسٹریشن اور پاک فضائیہ کی جانب سے ٹیل نمبر الاٹ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

پنجاب حکومت اور پاک فضائیہ کے درمیان مجوزہ مفاہمتی یادداشت میں طیارے کی دیکھ بھال، تکنیکی امور اور مالی انتظامات کو شامل کیا گیا۔

مزید برآں ایڈیشنل سیکرٹری ویلفیئر، ایس اینڈ جی اے ڈی کو پنجاب حکومت کی جانب سے ایم او یو پر دستخط کرنے کا اختیار بھی تفویض کر دیا گیا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...