بچیوں کو مفت اور معیاری تعلیم دینا ریاست کی ذمہ داری ہے: حافظ نعیم الرحمان
لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ معاشرے میں خواتین کے حوالے سے بہت سے تحفظات ہیں، اگر معاشرے میں عدل ہو تو خواتین بہت سی پریشانیوں سے بچ سکتی ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے پاک انٹرنیشنل بزنس فورم کے زیر اہتمام ’’ہمارا ہنر، ہماری پہچان‘‘ کے عنوان سے منعقدہ خدیجۃ الکبریٰ نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں اس وقت افراتفری ہے، لوگوں کو حقوق نہیں مل رہے، امیر اور غریب کے درمیان بہت فرق ہے جبکہ مڈل کلاس بھی پس رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں اگر خواتین نوکری نہیں کریں گی تو گھر کیسے چلیں گے؟ پنجاب میں اس وقت 80 لاکھ بچیاں سکول نہیں جا رہیں، مریم نواز کا نظام بچیوں کو سکول نہیں بھیج رہا۔
امیر جماعت اسلامی نے الزام عائد کیا کہ مریم نواز عوام کے پیسوں سے خریدے گئے جہاز پر اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں گئیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 15 ہزار سکولوں کو آؤٹ سورس کر دیا ہے، نجی سکولوں میں بھی تعلیم کا دہرا معیار قائم کر دیا گیا ہے اور اچھی تعلیم کے لیے انتہائی زیادہ فیسیں وصول کی جاتی ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، بچیوں کی پیدائش، تعلیم اور تربیت جنت میں جانے کا راستہ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments