ابوظہبی: بچوں میں کاروباری و تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کرنے والا ہوامیر فریجنا فیسٹیول اختتام پذیر

ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں تین روزہ ہوامیر فریجنا فیسٹیول کا دوسرا ایڈیشن 15 نومبر کو اختتام پذیر ہوگیا۔

ایمریٹس پیلس مینڈارن اورینٹل میں 13 سے 15 نومبر تک منعقد ہونے والے فیسٹیول کا اہتمام متحدہ عرب امارات کے 55ویں قومی دن کی تقریبات کے سلسلے میں کیا گیا، میلے میں بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں، نوجوانوں میں کاروباری رجحانات، اماراتی ثقافت اور خاندانی سرگرمیوں کو خصوصی اہمیت دی گئی۔

فیسٹیول میں معروف اماراتی گلوکار عبداللہ بالخير، گلوکارہ اریام، رویدہ المحروقی، اداکارہ زینب العسکری اور لبنانی فنکارہ کلاڈیا الشمالی سمیت مختلف فنکاروں اور میڈیا شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا، پروگرام میں ثقافتی سرگرمیوں، بچوں کے فیشن شوز اور تفریحی تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا، جن کا مقصد بچوں اور خاندانوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر مختلف سرگرمیوں میں شرکت کا موقع فراہم کرنا تھا۔

المنصوری گروپ برائے نمائش و کانفرنسز کے تعاون سے منعقدہ فیسٹیول میں بچوں کو کاروباری سرگرمیوں سے روشناس کرانے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے، کم عمر کاروباری افراد کیلئے تجارتی اسٹالز، مصنوعات کی نمائش، خرید و فروخت اور کاروباری تجربات کے مواقع فراہم کیے گئے۔

اماراتی ورثے کو اجاگر کرنے کیلئے روایتی سرگرمیوں، بچوں کی گھڑسواری اور بازبانی سے متعلق پروگرام بھی شامل تھے، فیسٹیول کی نمایاں منتظم منیٰ المنصوری نے اس اقدام کو نئی نسل میں خوداعتمادی اور کاروباری سوچ پروان چڑھانے کی کوشش قرار دیا۔

فیسٹیول کے اختتامی پروگرام میں شیخہ عائشہ بنت حمید المعلا کی شرکت اور بچوں، منتظمین اور معاون اداروں کی حوصلہ افزائی کیلئے اعزازات پیش کرنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔

منتظمین کے مطابق ہوامیر فریجنا کا بنیادی مقصد بچوں کو عملی کاروباری تجربات فراہم کرنا، ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور خاندانوں کو اماراتی ثقافت اور روایات سے جوڑنا ہے، تین روزہ فیسٹیول میں کاروباری تربیت، ثقافتی سرگرمیوں اور خاندانی تفریح کو یکجا کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...