بیوٹی ورلڈ دبئی 2027ء کی تاریخوں کا اعلان، عالمی نمائش ایکسپو سٹی منتقل کرنے کا فیصلہ
دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں عالمی بیوٹی انڈسٹری کی معروف تجارتی نمائش بیوٹی ورلڈ دبئی کے اگلے ایڈیشن کی تاریخوں اور نئے مقام کا اعلان کر دیا گیا۔
منتظمین میسے فرینکفرٹ مڈل ایسٹ کے مطابق تین روزہ بین الاقوامی نمائش 19 سے 21 اکتوبر 2027ء تک دبئی ایگزیبیشن سینٹر، ایکسپو سٹی دبئی میں منعقد ہوگی، گزشتہ ایڈیشن کے بعد نمائش کی ایکسپو سٹی منتقلی کو ایونٹ کے نئے مرحلے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
بیوٹی ورلڈ دبئی 2027ء میں کاسمیٹکس، جلد کی دیکھ بھال، پرفیوم، ہیئر کیئر، سیلون مصنوعات، بیوٹی ٹیکنالوجی اور پیکیجنگ سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ بین الاقوامی کمپنیوں کو شرکت کا موقع ملے گا۔
منتظمین کے مطابق نمائش میں عالمی برانڈز، مینوفیکچررز، ڈسٹری بیوٹرز اور کاروباری ادارے اپنی نئی مصنوعات متعارف کروانے کے ساتھ تجارتی مواقع اور بیوٹی انڈسٹری کے جدید رجحانات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
خبر ایجنسی کے مطابق بیوٹی ورلڈ دبئی کا 2026ء کا تیسواں ایڈیشن دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقد ہوا تھا، جس میں عالمی برانڈز، معروف بیوٹی ماہرین اور پرفیوم انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔
نمائش کے دوران بیوٹی ٹیکنالوجی، کاسمیٹکس اور پرفیوم سازی سے متعلق کانفرنسیں، براہِ راست مظاہرے اور ماسٹر کلاسز بھی منعقد کی گئی تھیں، آئندہ ایڈیشن کیلئے منتظمین نے نئے مقام پر بین الاقوامی کاروباری روابط کو مزید وسعت دینے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
منتظمین کے مطابق بیوٹی ورلڈ دبئی 2027ء میں شرکت کے خواہش مند کاروباری اداروں اور تجارتی نمائندوں کیلئے ابتدائی معلومات نمائش کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ ایونٹ صرف تجارتی شعبے سے وابستہ افراد کیلئے ہوگا، جبکہ داخلے کیلئے آن لائن رجسٹریشن ضروری قرار دی گئی ہے، نئے ایڈیشن کے مقررین، خصوصی پروگراموں اور دیگر تفصیلات کا اعلان آئندہ کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments