سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں اگلے 3 ماہ خشک سالی کا خدشہ: محکمہ موسمیات

کوئٹہ: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں خشک سالی کے ممکنہ خدشے سے خبردار کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں میں مسلسل کمی سے آئندہ 3 ماہ کے دوران خشک سالی کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے، سندھ اور بلوچستان میں جولائی سے نومبر تک مسلسل معمول سے کم بارشیں ہوئیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ میں ستمبر کے دوران بارشیں معمول سے 90 فیصد کم جبکہ اکتوبر کے دوران بارشوں میں 100 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، سندھ میں یکم سے 20 نومبر تک معمول سے 99 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ بلوچستان میں اکتوبر کے دوران معمول سے 80 فیصد کم جبکہ نومبر کے پہلے 20 دنوں میں بارشوں میں 79 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے دسمبر سے فروری تک سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں معمول سے کم بارشوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جس سے گندم سمیت ربیع کی فصلیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشیں نہ ہونے سے زمین میں نمی کم اور زیرِ زمین پانی کے ذخائر پر دباؤ بڑھ سکتا ہے، جبکہ بارانی علاقوں میں فصلوں اور مویشی پالنے والے خاندانوں کو زیادہ خطرات لاحق ہیں۔

محکمہ موسمیات نے یہ بھی کہا کہ صوبائی حکومتیں خشک سالی سے متاثر ہونے والے علاقوں اور آبادیوں کی نشاندہی کریں، خشک سالی کا الرٹ احتیاطی تدبیر ہے تاہم ہنگامی صورتحال کا اعلان نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات خشک سالی کی صورتحال کا اگلا جائزہ 5 دسمبر کو جاری کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...