شاہین آفریدی کا لنکا پریمئر لیگ کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا
لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی آئندہ لنکا پریمئر لیگ (ایل پی ایل) میں ایکشن میں نظر آئیں گے، جہاں ان کا کینڈی رائلز کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی کو غیر ملکی لیگ میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جلد این او سی جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی منظوری کے بعد وہ سری لنکا روانہ ہوں گے اور کینڈی رائلز کے اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔
شاہین آفریدی کی شمولیت سے کینڈی رائلز کے بولنگ اٹیک کو نمایاں تقویت ملے گی، بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولراپنی رفتار، سوئنگ اور ابتدائی اوورز میں وکٹیں لینے کی صلاحیت کے باعث دنیا کے خطرناک ترین بولرز میں شمار کیے جاتے ہیں۔
لنکا پریمیر لیگ کا نیا ایڈیشن 17 جولائی سے سری لنکا میں شروع ہو رہا ہے، جس میں مختلف ممالک کے معروف کرکٹرز شرکت کریں گے۔
ٹورنامنٹ کے منتظمین کو امید ہے کہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کی موجودگی ایونٹ کے معیار اور دلچسپی میں مزید اضافہ کرے گی۔
شاہین آفریدی اس سے قبل بھی مختلف فرنچائز لیگز میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں، کرکٹ شائقین کو توقع ہے کہ وہ ایل پی ایل میں بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کریں گے۔