وزارت خزانہ کی الیکشن کمیشن کو انتخابات کیلئے اضافی گرانٹ کا مطالبہ موخر کرنیکی درخواست

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خزانہ نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے جس میں الیکشن کمیشن سے قومی مفاد میں انتخابات کیلئے اضافی گرانٹ کا مطالبہ موخر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

وزرات خزانہ نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی صورت حال بہتر ہونے تک اضافی ضمنی گرانٹ کے مطالبے کو موخر کیا جائے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے درخواست دی تھی کہ عام انتخابات کے اخراجات 47 ارب سے بڑھ کر 61 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں، الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت سے 14 ارب روپے کی اضافی گرانٹ عام انتخابات کیلئے مانگی تھی۔

وزارت خزانہ کے مطابق الیکشن کمیشن نے الیکشن اخراجات کے لیے 52 ارب روپے کی درخواست کی تھی، ای سی سی فیصلے کے مطابق 5 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں، الیکشن کمیشن کے لئے 10 ارب روپے کے اجرا پر کام جاری ہے اب الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد کے لیے 61 ارب روپے مانگ چکا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت غیر معمولی معاشی بحران اور مالی خسارے کا شکار ہے، الیکشن کمیشن اخراجات اور فارن ایکسچینج کی ضروریات کی تفصیلات فراہم کرے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں