کرنٹ سے نوجوانوں کی ہلاکت پر نگران وزیر اعلیٰ کا نوٹس، سوئمنگ پول کا ٹھیکیدار گرفتار

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے تھانہ گجرپورہ کی حدود میں سوئمنگ پول میں کرنٹ سے نوجوانوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔

محسن رضا نقوی نے 2 نوجوانوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا، نگران وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر کمشنر، ڈپٹی کمشنر لاہور اور ایس ایس پی ڈسپلن نے جائے حادثہ کا دورہ بھی کیا، غفلت کے ذمہ داروں، سوئمنگ پول مالک اور ٹھیکیدار کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی جس کے بعد پولیس نے سوئمنگ پول کے ٹھیکیدار عامر کو حراست میں لے لیا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: سوئمنگ پول میں کرنٹ آنے سے 3 افراد جاں بحق

نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے ہدایت کی کہ حفاظتی انتظامات نہ کرنے والے سوئمنگ پولز کو فی الفور بند کیا جائے، جاں بحق نوجوانوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہیں، کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے تمام سوئمنگ پولز پر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کر دیں، ہر سوئمنگ پول میں حفاظتی انتظامات کا آڈٹ کرایا جائے گا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں