نوازشریف کی بریت پر لیگی رہنماؤں کا جشن، مٹھائیاں تقسیم، کارکنوں کا والہانہ رقص

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے ایون فیلڈ ریفرنس میں بری ہونے پر مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے جشن منایا اور متوالوں میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔

مسلم لیگ ن لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے متوالوں میں مٹھائی تقسیم کی، وزیراعظم میاں نوازشریف کے نعرے لگائے، انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف نے کہا تھا کہ وہ اپنا فیصلہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑتے ہیں اور آج وہ سرخرو ہوئے، وقت نے ثابت کر دیا کہ ان پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے تھے۔

سابق وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال کی جانب سے بھی نوازشریف کے بری ہونے پر جشن کا اہتمام کیا گیا، مسلم لیگ ن کے کارکنوں میں مٹھائی تقسیم کی، کارکنوں نے میاں نوازشریف زندہ باد کے نعرے لگائے۔

اوکاڑہ میں بھی نوازشریف کی بریت کی خوشی میں متوالوں نے جشن منایا، سکندر چوک میں ضلعی صدر میاں منیر نے مٹھائی بانٹی، متوالوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا، وزیراعظم میاں نوازشریف کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے، میاں منیر نے کہا کہ میاں نوازشریف کے حق میں فیصلہ جمہوریت کی فتح ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں