غزہ میں خوراک کی قلت پیدا کی جارہی، لوگ بھوک سے مر رہے ہیں: عبدالغفور حیدری

بہاولپور: (دنیا نیوز) جے یو آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ غزہ میں خوراک کی قلت پیدا کی جارہی ہے، لوگ بھوک سے مر رہے ہیں۔

جے یو آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری نے طوفان اقصیٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عظیم الشان کانفرنسوں کے اثرات پورے ملک اور دنیا پر اثر انداز ہوں گے، یہ ہماری چھٹی کانفرنس ہے، کانفرنسیں غزہ اور حماس کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت کے لئے کی جارہی ہیں۔

عبدالغفور حیدری نے کہا کہ فلسطینیوں کے ساتھ ایک عرصے سے ظلم جبر ہورہا، اسرائیل نے جس جبر کا مظاہرہ کیا ہے اسکی مثال نہیں ملتی، جنگ میں کبھی بھی بوڑھوں کا قتل، بچوں کا قتل اور عورتوں کا قتل نہیں ہوتا، جس طرح اسرائیل نے غزہ میں قتل عام کیا ہے اس کی دنیا بھر میں مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام فلسطینیوں کے ساتھ ہے، پاکستان اسلام کے نام پر بنا اور اسلام کی وجہ سے ہندوستان سے مسلمانوں نے لاکھوں کی تعداد میں ہجرت کی، مقصد یہ تھا کہ پاکستان کے نام سے ایک ریاست قائم ہوگی، لیکن بد قسمتی سے آج تک اسلام نام کی کوئی چیز نہیں بلکہ ہم دیوالیہ کی طرف جارہے ہیں۔

عبدالغفور حیدری نے کہا کہ یہاں پر انصاف نام کی بھی کوئی چیز نہیں ہے، غریب انصاف کے لئے تڑپ کر مر جاتا ہے، اپنی حالت بدلنے کے لئے اب غریب کو آگے آنا ہو گا، ہماری حکومت آئی تو عام مزدور کی تنخواہ 50 ہزار اورغریب کا علاج مفت کریں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں