جن کے ہاتھوں امن برباد اور تباہ ہوا وہ سمجھتے ہیں ہم پرامن ہیں: عبدالغفور حیدری

لکی مروت: (دنیا نیوز) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جن کے ہاتھوں امن برباد ہوا اور تباہ ہوا وہ سمجھتے ہیں کہ ہم پرامن ہیں۔

جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفورحیدری نے لکی مروت میں امن عوامی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ملک بھر میں پاکستان کے حالات کے پیش نظر امن کانفرنسز منعقد کر رہی ہے۔

مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا کہ ہم ہر جلسے میں امن کی درخواست اور دعوت دے رہے ہیں، ہم پرامن جہدوجہد پر یقین رکھتے ہیں، پورے ملک میں ہمارے امن مارچ ہوئے کوئی بدنظمی نہیں ہوئی، ہم امن کے داعی ہیں، امن قائم رکھنا جانتے ہیں۔

مرکزی سیکرٹری جنرل جے یو آئی نے کہا کہ ہمارا اسلام، ہمارا قانون، ہماری روایات امن کی دعوت دیتے ہیں لیکن ریاست بھی بتائے ہمارے کتنے اکابرین شہید ہوئے جو امن کی دعوت دیتے تھے۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اب سندھ اور پنجاب میں بھی بدامنی پیدا ہورہی ہے، پاکستان کی معیشت روز بروز گرتی جارہی ہے، آج بھی پاکستان میں چالیس فیصد لوگ غربت کی لکیر کی نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں