لکی مروت میں پولیس موبائل پر فائرنگ، اہلکار شہید

لکی مروت: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں نامعلوم افراد کی جانب سے پولیس موبائل پر فائرنگ سے ایک اہلکار شہید ہو گیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ برگی کی پولیس موبائل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایس ایچ او شاکر خان سمیت دو پولیس اہلکار زخمی بھی ہو گئے۔

پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ پولیس اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے اور ان کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لکی مروت کے تھانہ برگی کی حدود میں پولیس پارٹی پر حملے کی کی شدید مذمت کی اور حملے میں شہید کانسٹیبل نثار خان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا شہید کانسٹیبل نثار خان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے شہید کانسٹیبل نثار خان کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف خیبرپختونخوا پولیس کے افسروں اور جوانوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں