لاہور ہائیکورٹ کا یوٹیلیٹی سٹورز بند کرنے کے خلاف درخواست کا تحریری حکم جاری

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے یوٹیلیٹی سٹورز بند کرنے کے خلاف درخواست کا تحریری حکم جاری کر دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران نے محمد رفیق سمیت دیگر کی درخواستوں پر 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بدلتی معاشی اور موسمیاتی صورتحال پر حکومتی پالیسی ایک جیسی نہیں رہ سکتی، ایک وقت میں ایک پالیسی شاید عوامی مفاد میں ہو مگر ممکن نہیں ہے کہ کسی اور وقت میں بھی وہ پالیسی عوام مفاد میں رہے، معاشی اور سیاسی معاملات پر بحث کے لئے اصل فورم پارلیمنٹ ہے عدالتیں نہیں۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار یہ ثابت نہیں کر سکا کہ حکومت کا یوٹیلیٹی سٹورز بند کرنے کا فیصلہ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، تاہم ہو سکتا ہے کہ پالیسی پر عملدرآمد ہونے سے مستقبل میں ملازمین کے حقوق پر اثر پڑے، ایسی صورتحال میں متاثرین متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتے ہیں۔

عدالتی فیصلے میں نشاندہی کی گئی ہے کہ حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کے خلاف تاحال کوئی ایکشن نہیں لیا اس لئے یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ملازمین کا روزگار متاثر ہوا ہے۔

عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت یوٹیلیٹی سٹورز کو بند کرنے کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کرتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں