پاکستان کا افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کا عندیہ

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ 6 ہزار جنگجوؤں پر مشتمل ٹی ٹی پی جنگجو افغانستان میں موجود ہیں، طالبان نے ٹی ٹی پی کیخلاف کارروائی نہ کی تو پاکستان اپنے تحفظ کیلئے اقدامات کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان پھر سے دہشتگرد گروہوں اور ان کے پراکسی عناصر کی پناہ گاہ بن چکا ہے، افغان سرزمین سے پھوٹنے والی دہشت گردی پاکستان کیلئے سنگین خطرہ ہے، ٹھوس شواہد ہیں کہ افغانستان میں دہشتگرد گروہ باہمی تعاون کر رہے ہیں۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دراندازی کی متعدد کوششوں کو کامیابی سے ناکام بنایا، ہماری بہادر فورسز اور عام شہریوں نے عظیم قربانیاں دی ہیں، اقوام متحدہ کی ٹیم نے بھی ٹی ٹی پی کی افغان سرزمین پر موجودگی کی تصدیق کی۔

پاکستان کے مستقل مندوب کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کی صورتحال کے تباہ کن نتائج خطے پر اثرات مرتب کر رہے ہیں، جنگ ختم ہو چکی ہے، افغان مہاجرین اپنے وطن واپس جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں