خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس جمعہ کو طلب کر لیا گیا
پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس کل (جمعہ کو) طلب کر لیا گیا، اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کریں گے۔
کابینہ اجلاس میں وزراء سمیت معاونین خصوصی شرکت کریں گے، اجلاس میں چیف سیکرٹری اور متعلقہ سیکرٹریز بھی شریک ہوں گے۔
کابینہ اجلاس کے لیے 35 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا، جس کے مطابق خیبر پولیس کے شہید کانسٹیبل محمد ولی کے لواحقین کیلئے شہدا پیکیج کی منظوری دی جائے گی۔
جاوید علی کی بطور ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن اکیڈمی آف ریسرچ اینڈ ٹریننگ پشاور تعیناتی کی منظوری کابینہ سے لی جائے گی۔
پاکستان انجینئرنگ کونسل گورننگ باڈی کیلئے خیبرپختونخوا کے امیدوار کی نامزدگی کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے، خیبرپختونخوا ایجوکیشن فاؤنڈیشن کیلئے 10 کروڑ روپے بیج رقم کی منظوری ایجنڈے کا حصہ ہے۔
آئینی ترمیمی بل 2025 ایوان میں زیر غور اور سیلابی ملبہ صاف کرنے اور آبی راستوں کی بحالی کیلئے نان اے ڈی پی سکیم کی منظوری اجلاس کا حصہ ہے، آبی وسائل سکیم کے نام اور لاگت میں تبدیلی کی سفارش ایجنڈے میں شامل ہے۔