اسرائیل کا صومالی لینڈ میں سفارتی نمائندے کا تقرر، پاکستان سمیت 12 ممالک کی شدید مذمت

اسلام آباد:(دنیا نیوز)اسرائیل کا نام نہاد صومالی لینڈ میں سفارتی نمائندے کے تقرر پر پاکستان سمیت 12 ممالک نے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مشترکہ اعلامیہ میں  پاکستان سمیت مختلف ممالک نے اسرائیلی اقدام کو صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کر دیا گیا ہے، وزرائے خارجہ نے یکطرفہ اقدامات کے خلاف واضح مؤقف اختیار کیا ہے۔

دوسری جانب ترجمان نے کہا کہ اعلامیہ میں صومالیہ کی وحدت اور خودمختاری کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اسرائیلی اقدام کو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سمیت مختلف ممالک نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور افریقی یونین کے اصولوں کی خلاف ورزی کی نشاندہی کی ہےاور اِس اقدام کو خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرناک نظیر قرار دیا  ہے۔

یاد رہے مشترکہ اعلامیہ جاری کرنے والے ممالک میں پاکستان کے علاوہ مصر، صومالیہ، سوڈان، لیبیا، بنگلہ دیش، الجیریا، سعودی عرب، فلسطین، ترکیہ، انڈونیشیا اور کویت شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں