کینیڈا میں پاکستانی قونصل خانوں میں معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کی پروقار تقریب
اوٹاوا: (دنیا نیوز) کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن اور ٹورنٹو، مونٹریال اور وینکوور میں قائم پاکستانی قونصل خانوں میں معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی پہلی سالگرہ انتہائی جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منائی گئی اور افواجِ پاکستان، شہداء اور غازیوں کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اوٹاوا میں پاکستان ہائی کمیشن میں منعقدہ مرکزی تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین، پاکستان کے دوستوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران صدرِ پاکستان، وزیرِاعظم پاکستان اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جن میں پاکستانی قوم کے عزم، اتحاد اور مسلح افواج کی بے مثال بہادری کو سراہا گیا۔
کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستان کی مسلح افواج نے غیر معمولی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مئی 2025ء میں آپریشن بنیان المرصوص کے دوران پاکستان نے بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے دفاع کے جائز حق کو بھرپور انداز میں استعمال کیا۔
ہائی کمشنر محمد سلیم کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق کی کامیابی اس حقیقت کی روشن مثال ہے کہ قومیں صرف عسکری قوت سے نہیں بلکہ اپنے قومی مفادات کے دفاع کیلئے عوام کے غیر متزلزل عزم، اتحاد اور قربانی کے جذبے سے مضبوط ہوتی ہیں۔
تقریب میں شہداء کے درجات کی بلندی اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی، تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معرکہ حق کی یاد قوم کو مستقبل میں بھی مزید متحد، مضبوط اور پرعزم بناتی رہے گی۔