فلسطینیوں پر ظلم، قبضے اور تشدد کا فوری خاتمہ کیا جائے: شہباز شریف

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیلی قابض حکام کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف جاری ظلم، قبضے اور تشدد کا فوری خاتمہ کیا جائے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جب ہمارے فلسطینی بھائی بہن نکبہ کی 78ویں پُرسوز برسی منا رہے ہیں، ہم 1948 سے فلسطینیوں کی اپنی سرزمین سے بے دخلی اور اُن پر ڈھائے جانے والے مسلسل مظالم اور مصائب کو یاد کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس غمناک موقع پر پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ جون 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک خودمختار، آزاد، قابلِ عمل اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کے قیام کی بھرپور حمایت کرتا ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں