پی پی ایس سی کی ایک نشست کیلئے 5 امیدوار بلانے کیخلاف درخواستوں پر فیصلہ جاری

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ایک نشست کے لیے پانچ امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلانے کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ جاری کر دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک محمد اویس خالد نے پی پی ایس سی کے پی ایم ایس منسٹریل کوٹہ کے امتحان کے لیے جاری اشتہار کے خلاف اکیس درخواستوں پر تحریری حکم جاری کر دیا۔

فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ درخواستگزاروں کے وکیل کے مطابق پی پی ایس سی نے ایک نشست کے لیے پانچ کامیاب امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلانے کا اشتہار دیا تھا، پی پی ایس سی کا 19 دسمبر 2024 کو جاری اشتہار غیر قانونی اور آئین میں دیئے گئے بنیادی حقوق کے منافی ہے۔

پی پی ایس سی کا جاری اشتہار پنجاب گزٹ میں شائع نہیں کیا گیا، عدالت غیر قانونی طور پر جاری اشتہار کو کلعدم قرار دے، عدالت پی پی ایس سی کو انٹرویو اور نفسیاتی جانچ کا شیڈول جاری کرنے سے روکنے کا حکم دے۔

فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ پنجاب حکومت اور پی پی ایس سی کے وکلا کے مطابق درخواست گزاروں نے اشتہار کی تمام شرائط جانتے ہوئے امتحان میں حصہ لیا، اشتہار میں اہلیت، نصاب، کامیابی کے معیار اور دیگر تمام شرائط واضح طور پر درج تھیں، کوئی امیدوار امتحان پاس کرنے پر انٹرویو کا قانونی حق نہیں رکھتا۔

درخواست گزاروں نے امتحان پاس کیا،مگر اشتہار میں درج تناسب کے حساب سے ایک سو چھ امیدواروں کو انٹرویو کے لیے منتخب کیا گیا،عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ درخواست گزاروں نے بغیر اعتراض کے امتحان میں حصہ لیا،نتیجہ حق میں نہ آنے پر شرط کو چیلنج نہیں کر سکتے۔

فیصلے کے مطابق امیدواروں کو تمام شرائط معلوم تھیں، درخواست میں اس بات کی تصدیق بھی کی تھی، بھرتی، شارٹ لسٹنگ اور انتخاب کا طریقہ کار بنیادی طور پر پی پی ایس سی کے دائرۂ اختیار میں آتا ہے، عدالت غیر قانونی اقدام، بدنیتی، من مانی یا قانون کی خلاف ورزی پر مداخلت کر سکتی ہے، جو اس مقدمے میں ثابت نہیں ہوئی۔

عدالت کے مطابق پی پی ایس سی کے اشتہار میں انٹرویو کے لیے ایک نشست کے لیے پانچ امیدوار بلانے کی پالیسی میں مداخلت کا کوئی جواز موجود نہیں ہے، درخواست میرٹ پر نہ ہونے کے باعث خارج کی جاتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...