کسی جماعت کو کشمیر کی شناخت کمزور کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، خواجہ سعد رفیق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ انتشار اور دھرنوں سے کبھی کامیابی حاصل نہیں ہوئی، کسی جماعت کو کشمیر کی شناخت کمزور کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

آزاد کشمیر الیکشن سے متعلق اسلام آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حافظ احمد رضا قادری اور راجہ صدیق کو کامیاب بنا کر مسلم لیگ (ن) کو فتح دلائیں، ہم سب ایک جماعت اور ایک فکر سے وابستہ ہیں، یہ انتخاب پہلی بار کشمیر اور پاکستان کے رشتے پر سوال اٹھائے جانے کی وجہ سے مختلف ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی پاکستانی حکومت نے مسئلہ کشمیر پر کبھی دوٹوک قومی مؤقف سے انحراف نہیں کیا، پاکستان کا قومی مؤقف تقسیمِ برصغیر کی بنیاد پر قائم ہے، کروڑوں پاکستانیوں کی حمایت کے باعث بھارت لائن آف کنٹرول سے آگے نہیں بڑھ سکتا، آزاد کشمیر میں موجودہ صورتحال وہاں کی حکومت کی ناقص کارکردگی کے باعث پیدا ہوئی۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں شفاف طرزِ حکومت لائے گی، رشوت کے الزام والے افراد کو حکومت کا حصہ نہیں بنایا جائے گا، کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے نجات دلانے کیلئے مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ کردار ادا کیا، مسلم لیگ (ن) کے دور میں کشمیر کا بجٹ کئی گنا بڑھایا گیا، ترقیاتی کام مسلم لیگ (ن) کی مرہونِ منت ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر تحریکِ آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے، اس کی کمزوری تحریکِ آزادی کو کمزور کرے گی، معرکہ حق میں پاکستانی افواج نے بھارت کو خاک چاٹنے پر مجبور کیا، پاکستان کو اندر سے کمزور کرنے کیلئے بلوچستان اور کشمیر میں سازشیں کی جا رہی ہیں، آئینی اور قانونی تبدیلیاں اسمبلیوں میں ہوتی ہیں، چوکوں اور چوراہوں میں نہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ کشمیر کے عوام کیلئے دستیاب تمام وسائل کشمیری عوام کو دیے جائیں گے، اسمبلی میں ایسے نمائندوں کی ضرورت ہے جو عوام کا مقدمہ لڑ سکیں، اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو متحد دیکھ کر خوشی ہوئی، متحد ہو کر آگے بڑھیں، فتح آپ کی ہوگی۔

خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ یہ انتخابات مہاجرینِ مقیم پاکستان کے ووٹ اور حقِ رائے دہی کا انتخاب ہیں، اپنے ووٹ کے حق اور شناخت کو برقرار رکھیں، وہ دن دور نہیں جب آپ کے ووٹ سے کشمیر بنے گا پاکستان، یہ نظریے اور پاکستان کے استحکام کا انتخاب ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...