آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت، ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے: وزیر داخلہ سندھ

کراچی: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے قوم کو جشنِ آزادی کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ پاکستان کی آزادی لاکھوں مسلمانوں کی جدوجہد، قربانیوں اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت کا نتیجہ ہے، جشنِ آزادی ہمیں صرف خوشی منانے نہیں بلکہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے عہد کی تجدید کا موقع دیتا ہے۔

ضیاء الحسن لنجارنے کہا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت ہو یا اندرونی امن کا قیام، پاک فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہمیشہ بے مثال قربانیاں دی ہیں، شہداء پاکستان اور شہداء افواج و پولیس کی قربانیاں ہماری آزادی کی حفاظت کی روشن تاریخ کا حصہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کے جوان عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ریاست کی رٹ برقرار رکھنے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر جوان ملک کے دفاع اور امن کے لیے سینہ سپر ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بقا اور ترقی سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر قومی اتحاد، جمہوری تسلسل اور آئین و قانون کی بالادستی سے وابستہ ہے، سیاسی قیادت، ریاستی ادارے اور عوام مل کر پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور خوشحال بنانے کی ذمہ داری ادا کریں۔

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے لیکن ملکی سلامتی، خودمختاری اور قومی یکجہتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، آج کا پاکستان ہمیں ماضی کی قربانیوں سے سبق لے کر مستقبل کی تعمیر کا پیغام دیتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کو پاکستان کی تاریخ، آزادی کی جدوجہد اور شہداء کی قربانیوں سے آگاہ کرنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے، ہمیں ایسا پاکستان بنانا ہے جہاں امن، انصاف، قانون کی حکمرانی اور معاشی خوشحالی ہر شہری کا حق ہو۔

ضیاء الحسن لنجار نے مزید کہا کہ جشنِ آزادی کے موقع پر عہد کریں کہ ہم نفرت نہیں اتحاد، انتشار نہیں استحکام اور مایوسی نہیں امید کو فروغ دیں گے، پاکستان کی ترقی کا راستہ قومی اتحاد، سیاسی برداشت اور آئین و قانون کی بالادستی سے ہوکر گزرتا ہے۔

وزیر داخلہ سندھ نے مزید کہا کہ وطن عزیز کی آزادی کی حفاظت صرف سرحدوں پر نہیں بلکہ اپنے کردار، دیانت اور ذمہ داری سے بھی کرنا ہوگی، اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے، اسے امن، خوشحالی اور ترقی کی منزلوں سے ہمکنار کرے۔ پوری قوم کو جشنِ آزادی مبارک، پاکستان زندہ باد-

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...