پاکستان ہمارا وطن، ہماری شناخت، امید اور خوابوں کی تعبیر ہے: شرجیل میمن

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کے یومِ آزادی پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے شہداء اورعظیم بزرگوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے پوری قوم کو یومِ آزادی پر مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا وطن، ہماری شناخت، امید اور خوابوں کی تعبیر ہے، یہ وطن ہمارے شہداء کی امانت، بزرگوں کی قربانیوں کی نشانی اور ہماری آنے والی نسلوں کی امید ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وطن کے ہر بیٹے اور بیٹی، ہر ماں، ہر بہن اور ہر بزرگ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج ہم تحریکِ پاکستان کے تمام رہنماؤں، کارکنوں، مجاہدینِ آزادی اور شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔

سینئر وزیر کا کہنا ہے کہ آج کا دن اُن آنکھوں کو یاد کرنے کا دن ہے جنہوں نے پاکستان کا خواب دیکھا، بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں ہمارے بزرگوں نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خواب تھا، پھر ایک جدوجہد بنا، قربانیوں سے حقیقت بنا اور آج ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اسے ایک عظیم قوم کی منزل تک پہنچائیں، آزادی کی جدوجہد میں لہو دینے والوں، وطن کی آزادی و سلامتی کے لئے اپنے لختِ جگر قربان کرنے والی ماؤں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا ہے کہ ہم آج آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں تو اس آزادی کے پیچھے لاکھوں قربانیوں کی لازوال داستان ہے، اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے، امن و استحکام عطا فرمائے اور عوام کو خوشحالی اور سربلندی نصیب فرمائے آمین۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...