سہیل آفریدی کی آیت نور کے گھر آمد، ملزمان کو کڑی سزا دینے کی یقین دہانی

ہری پور: (دنیا نیوز) ہری پور میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی آیت نور کے گھر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے آیت نور کے والد سے ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کی۔

آیت نور کے والد نے کہا کہ ہری پور میں سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سب میرے ساتھ کھڑے تھے، انہوں نے درخواست کی کہ ملزمان کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے اور معصوم بچی کے حقیقی ملزم کو سرعام پھانسی دی جائے۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ آپ کے غم میں خیبر پختونخوا کی عوام برابر کی شریک ہے، یہ آپ کی بچی نہیں، ہماری بچی ہے، بچی کے ساتھ جانوروں جیسا سلوک ہوا۔

سہیل آفریدی والد سے بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا، آئندہ یہ کام کرنے سے ملزمان ہزار بار سوچیں گے۔ حکومت کی فل سپورٹ آپ کے ساتھ ہے، کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہیں ہوگی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ انتظامیہ کے ہوتے ہوئے بچے محفوظ نہیں تو پھر دفاتر کو تالے لگنے چاہئیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ ملوث افراد کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی۔

سہیل آفریدی نے عدالتوں سے درخواست کی کہ کسی قسم کا ریلیف نہ دیا جائے، انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بل کو آیت نور کے نام پر رکھا جائے گا، جبکہ آیت نور کے علاقے کے ہائی اسکول کا نام بھی آیت نور کے نام سے رکھا جائے گا۔

خیال رہے کہ ہری پور میں پانچ سالہ بچی آیت نور کو اغوا کے بعد زیادتی کر کے قتل کر دیا گیا تھا اور اس کی بوری بند لاش کنویں پھینک دی گئی تھی، بچی کی لاش پندرہ دن بعد ملی تھی، بچی کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور غم و غصہ کا اظہار کیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...