پولیس اور عدالتی نظام ناقص ، پورے سسٹم کو جڑ سے اکھاڑنا ہوگا: حافظ نعیم الرحمان

فیصل آباد:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں پولیس اور عدالتی نظام ناقص ہو چکا ہے، عدالتوں میں 24 لاکھ مقدمات زیر التوا ہیں جبکہ ججز چھٹیوں پر ہیں، پورے نظام کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے بڑی تحریک کی تیاری کرنا ہوگی۔

 پنجاب کے شہر فیصل آباد میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان  کا کہنا تھا کہ پٹرولیم لیوی ختم کی جائے اور آئی پی پیز مافیا کو لگام ڈالی جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ عوام کو سستی روٹی فراہم کی جائے، ہم خیرات نہیں بلکہ اپنا حق مانگتے ہیں، پمز اسپتال کے واقعے پر پیپلزپارٹی، ن لیگ اور ایم کیو ایم میں نورا کشتی شروع ہوگئی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا پیپلزپارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کرپٹ ترین اور سٹیبلشمنٹ کی اے پلس پارٹی ہے، اسی جماعت نے ملک کو دو ٹکڑوں میں تقسیم کیا، جماعت اسلامی کے دھرنے کے باعث ڈیزل 32 روپے فی لیٹر سستا ہوا۔

حافظ نعیم الرحمان نے اپوزیشن جماعتوں سے جماعت اسلامی کا ساتھ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ 25 کروڑ عوام کا مسئلہ ہے، عوام کی طاقت سے اس ٹولے سے جان چھڑائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نوجوانوں کے لیے یکساں مواقع موجود نہیں، نوجوانوں کو ساتھ ملا کر امریکا اور یورپ کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کا دور ہے لیکن پاکستان میں ڈیٹا سینٹرز نہیں بن رہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں خواتین سے زیادتی کے 4600 مقدمات رپورٹ ہوئے، یہاں خواتین محفوظ نہیں جبکہ نوجوانوں کو نشے کی لت میں مبتلا کردیا گیا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...