نیپال میں سیلاب کی تباہ کاریوں نے پاکستانی قوم کو بھی غمزدہ کر دیا: بلاول بھٹو

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نیپال میں تباہ کن سیلاب کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا  سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مشکل کی گھڑی میں نیپال کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ نیپال میں سیلاب کی تباہ کاریوں نے پاکستانی قوم کو بھی غمزدہ کر دیا ہے، ہماری ہمدردیاں ان تمام نیپالی خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے سیلاب میں اپنے گھر، روزگار اور عزیز و اقارب کھو دیے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہماری دعائیں ان خاندانوں کے ساتھ بھی ہیں جو اپنے پیاروں کی خیریت اور خبر کے لیے بے چینی سے منتظر ہیں، نیپال میں آنے والا تباہ کن سیلاب خطے سمیت پوری دنیا کے لیے موسمیاتی بحران کے سنگین خطرات کی ایک اور یاد دہانی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ موسمیاتی آفات سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اور نیپال جیسے ممالک موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کا بوجھ اٹھا رہے ہیں، حالانکہ ان اقوام کا عالمی موسمیاتی بحران پیدا کرنے میں کردار نہ ہونے کے برابر ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عالمی برادری کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے اور قدرتی آفات سے متاثرہ ممالک کی مدد کے لیے مشترکہ اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...