واٹس ایپ کی صارفین کیلئے بڑی خوشخبری،نیا فیچر متعارف

ٹیکنالوجی

لاہور:(ویب ڈیسک)دنیا میں پیغامات کی سب سےبڑی ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کو نئی خوشخبری سنائی جارہی ہے جس کے مطابق اپنے کاروبار کو فروغ دینے والے صارفین کیلئے ایک نیا فیچرمتعارف ہونے جارہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مطابق واٹس ایپ انتظامیہ کاروباری اکاؤنٹس کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے والا ہے جس کا نام ’’میسج ریٹنگ فیچر‘‘ رکھا گیا ہے اور یہ فیچر اینڈرائیڈ 2.21.22.7 کے لیے واٹس ایپ بیٹا پر دیکھا گیا ہے۔

اگر صارفین کو کسی بزنس اکاؤنٹس کی پروڈکٹ یا سروس کو پسند نہیں کرتے تو وہ اس پر ایک سٹار پر کلک کرکے ناپسندیدگی کا اظہار کرسکتے ہیں جب کہ پسندیدگی کی صورت میں فائیو سٹار ریٹنگ دی جاسکتی ہے۔

اس فیچر سے واٹس ایپ بزنس اکاؤنٹس اپنے صارفین سے اپنی مصنوعات کے معیار اور خدمات سے متعلق ریٹنگ حاصل کرسکیں گے۔ صارفین بزنس اکاؤنٹس کی پروڈکٹس کی ایک سے پانچ ستاروں کی مدد سے درجہ بندی کرسکیں گے۔

یہ فیچر اس سے قبل کاروباری ویب سائٹس سمیت سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی دستیاب تھا لیکن واٹس ایپ پر یہ سہولت موجود نہیں تھی لیکن اب اس ایپ پر بڑھتی ہوئی کاروباری سرگرمیوں کے باعث درجہ بندی کی فیچر متعارف کرائی جارہی ہے۔

ابتدائی طور پر یہ فیچر بیٹا وژن پر متعارف کرایا گیا ہے اور جلد ہی iOS صارفین کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔

واضح رہے کہ واٹس ایپ یہ نہیں دیکھ سکتا کہ پروڈکٹس کو کس نے کم یا کس نے زیادہ پسند کیا ہے یعنی یہ سرگرمی واٹس ایپ کے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے تحت رازداری کو برقرار رکھتے ہوئے ہی ہوگی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں