مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں : امریکا
واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ "کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں"۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیرِ دفاع یوآوگیلنٹ سے ٹیلی فونک رابطے میں انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیل کی سلامتی کے لیے امریکا کے غیرمتزلزل عزم کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کی صورت میں یرغمالیوں کی رہائی ممکن ہو سکتی ہے اور وسیع تر علاقائی استحکام کے لیے حالات سازگار بنائے جا سکتے ہیں۔
سینیئر حزب اللہ کمانڈر فواد شکر اور حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کی ہلاکت کے بعد خطے میں کشیدگی اور جنگ کے وسعت اختیار کرنے کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔
ایک دن پہلے گیلنٹ نے امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن سے خطے کی صورتِ حال کے بارے میں بات کی۔
صدر جو بائیڈن نے 31 مئی کو تین مراحل پر مشتمل جنگ بندی کی تجویز پیش کی تھی ، اس کے بعد سے واشنگٹن اور علاقائی ثالثین نے غزہ میں یرغمالیوں کے لیے جنگ بندی معاہدہ ترتیب دینے کی کوشش کی ہے لیکن انہیں مسلسل رکاوٹوں کا سامنا رہا ہے۔