پاکستان میں دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ میں بھارت کا گھناؤنا کردار بے نقاب
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی اخبار نے دہشت گردی اور سنگین انسانی جرائم میں ملوث بھارت کا سیاہ چہرہ عالمی سطح پر بے نقاب کر دیا۔
عالمی جریدے واشنگٹن پوسٹ نے بھارتی حکومت کی سرپرستی میں دنیا بھر میں ہونے والی دہشت گردی کو بے نقاب کیا۔
امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارت پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں کے ذریعے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے، بھارتی ایجنسی ’را‘ نے اجرتی قاتلوں اور افغانی ہتھیاروں کے ذریعے پاکستان میں 6 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ اپریل 2 نقاب پوشوں نے لاہور میں عامر سرفراز عرف تامبا نامی شخص کو گولیوں کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے، یہ واقعہ بھی دوسرے ممالک کی طرح بھارتی خفیہ قتل مہم کا تسلسل ہے، بھارتی ایجنسی ”را“ نے پاکستان میں کئی افراد کو نشانہ بنایا، شواہد سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستانی افراد کے قتل میں بھارت ملوث ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ 2021 کے بعد بھارت کی انٹیلی جنس ایجنسی ”را“ نے پاکستان میں متعدد افراد کو قتل کرنے کیلئے خفیہ مہم چلائی جس میں میں کئی پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، پاکستان کے وزیر داخلہ بھی ہلاکتوں میں ”بھارت کے براہ راست ملوث ہونے“ کا انکشاف کر چکے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق 2014ء میں بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے کہا تھا کہ پاکستان پر حملہ کرنا غیر حقیقی ہے لیکن ہم اپنے مقاصد کے حصول کیلئے خفیہ ذرائع استعمال کرسکتے ہیں۔
امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکا، کینیڈا اور مغربی ممالک میں ”را“ کی قتل مہم کی وجہ سے بھارت بین الاقوامی سطح پر شدید تنقید کی زد میں ہے، بھارت نے امریکا، کینیڈا اور مغربی ممالک میں ماروائے عدالت قتل کئے، کینیڈا اور امریکہ میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ نے سکھ رہنماؤں کو قتل کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ نئی دہلی میں را کے افسر وکاش یادیو نے نیویارک میں سکھ علیحدگی پسند رہنما پر قاتلانہ حملے کی ہدایت جاری کیں، را افسر نے اس قتل میں اپنے ایجنٹ کو ایک مقامی قاتل کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔
رپورٹ کے مطابق کینیڈین حکام نے بھی بھارتی سفارت کاروں اور را کی دہشتگردی کو بے نقاب کیا۔
سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس بھی پاکستانی شہریوں محمد ریاض اور مولانا شاہد لطیف کی ٹارگٹ کلنگ میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد منظر عام پر آ چکے ہیں، اس سے قبل بھی وزارت خارجہ شواہد کے ساتھ پاکستانی سرزمین پر بھارتی دہشتگردی کو بے نقاب کر چکی ہے۔
سفارتی ماہرین کہتے ہیں کہ بھارتی جارحیت، دہشت گردی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر اقوام عالم کو سخت نوٹس لینا چاہیے، دوسرے ممالک میں بھارتی دہشتگردی، مداخلت اور ٹارگٹ کلنگ عالمی امن کیلئے شدید خطرہ ہے۔