امریکہ چین معاہدہ: 10ارب پتی افراد کی دولت میں 84 ارب ڈالر اضافہ

بیجنگ : (ویب ڈیسک) امریکہ اور چین میں تجارتی معاہدے پر اتفاق کا اعلان ہوتے ہی دنیا کے دس ارب پتی افراد کی دولت میں ایک رات کے دوران 84 ارب ڈالر اضافہ ہو گیا۔

سابق فیس بک اور موجودہ میٹا کے شریک بانی مارک زکربرگ سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والے فرد رہے، جن کی دولت میں 16.1 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، دوسرے نمبر پر موجود ایمیزون کے بانی جیف بیزوس کی دولت میں 14.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔

دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کی دولت میں بھی 14.5 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا کیوں کہ اسٹاک مارکیٹ میں معمولی تبدیلیاں بھی ان کی دولت پر بڑا اثر ڈالتی ہیں۔

العربیہ بزنس کے مطابق اس فہرست میں زیادہ تر ٹیکنالوجی سے وابستہ ارب پتیوں کا غلبہ رہا، صرف تین افراد اس شعبے سے باہر تھے۔ ان میں سب سے نمایاں فرانس کے ارب پتی اور یورپ کے امیر ترین شخص برنارڈ آرنو رہے جن کی دولت میں 7.1 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔

بھارتی ارب پتی مکیش امبانی اور گوتم اڈانی نے بھی بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ صلح کی وجہ سے بالترتیب 4.42 ارب ڈالر اور 5.31 ارب ڈالر اپنی دولت میں شامل کیے۔

ایک رات میں اربوں ڈالر کمانے والوں کی فہرست میں ڈیل، انویڈیا، اوریکل اور الفابیٹ جیسی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں سے وابستہ ارب پتی افراد بھی شامل تھے.

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں