جاسک بندرگاہ پر ماہی گیروں کی کشتی پر حملہ، دو افراد جاں بحق
تہران: (دنیا نیوز) ایران کے جنوبی علاقے میں واقع جاسک بندرگاہ پر ماہی گیری کی کشتی پر دشمن کے حملے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔
صوبہ ہرمزگان کے نائب گورنر کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کشتی سمندر میں موجود تھی، جاسک بندرگاہ خلیج عمان میں ایک نہایت اہم اور حساس مقام پر واقع ہے، یہ بندرگاہ آبنائے ہرمز کے جنوب میں واقع ہے اور جغرافیائی لحاظ سے اس کی حیثیت انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے کیونکہ یہ بین الاقوامی سمندری گزرگاہوں کے قریب ہے، اس کے مقابل متحدہ عرب امارات اور عمان کے ساحلی علاقے واقع ہیں، جو اسے مزید حساس بناتے ہیں۔
واقعے کے بعد ایرانی سکیورٹی اداروں نے علاقے میں نگرانی بڑھا دی ہے اور حملے کے ذمہ داروں کا سراغ لگانے کے لئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے واقعات خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی میں مزید اضافہ کر سکتے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب خلیج عمان اور آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت اہم راستے تصور کئے جاتے ہیں۔