ایران نے جوہری پلانٹ پر حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیدیا

تہران: (دنیا نیوز) ایران کی جوہری توانائی تنظیم نے یزد صوبے کے علاقے اردکان کے قریب یورینیم کی پروسیسنگ کرنے والے پلانٹ پر امریکی اور اسرائیلی حملے کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ناصرف پرامن جوہری تنصیبات کے تحفظ کی خلاف ورزی ہے بلکہ ری ایکٹر کے ایندھن کی فراہمی اور جوہری طب کی ترقی کے عمل پر براہ راست حملہ بھی ہے۔

ایران کی جوہری توانائی تنظیم کا مؤقف ہے کہ مذکورہ تنصیب ناصرف توانائی کے شعبے میں اہم کردار ادا کر رہی تھی بلکہ یہ ری ایکٹر کے ایندھن کی فراہمی اور جوہری طب کی ترقی میں بھی استعمال ہو رہی تھی، حکام کے مطابق اس حملے سے ان شعبوں کو براہ راست نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔

بیان میں عالمی برادری اور متعلقہ بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس واقعے کا نوٹس لیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں۔ ایرانی حکام نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ملک اپنے سائنسی اور دفاعی پروگرام کو ہر صورت جاری رکھے گا۔

دوسری جانب اس حملے کے حوالے سے امریکا یا اسرائیل کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق یا ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم تجزیہ کاروں کے مطابق اس طرح کے واقعات مشرقِ وسطیٰ میں پہلے سے موجود کشیدگی میں مزید اضافہ کر سکتے ہیں اور سفارتی سطح پر نئی پیچیدگیاں پیدا کر سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں