امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران کی جانب سے جنگی جہاز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ مسترد کر دیا

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایرانی پاسداران انقلاب کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ اس کی فورسز نے ایک امریکی جنگی جہاز کو نشانہ بنایا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی بحریہ کا جہاز یو ایس ایس ٹریپولی کسی حملے کا شکار نہیں ہوا اور وہ بدستور بحیرہ عرب میں امریکی فوجی کارروائیوں کی حمایت میں اپنے مشن پر گامزن ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے مزید کہا کہ یو ایس ایس ٹریپولی اس وقت بحیرہ عرب میں اپنی ذمہ داریاں معمول کے مطابق سرانجام دے رہا ہے اور خطے میں جاری امریکی فوجی کارروائیوں کی حمایت میں اپنے مشن پر گامزن ہے، بیان میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ امریکا اپنے اتحادیوں اور مفادات کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اور مختلف فریقین کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق اس قسم کے دعوے اور جوابی بیانات صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں، جس کے باعث سفارتی سطح پر تناؤ میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں