ایران کی اصفہان میں کارروائی کے دوران 4 فوجی افسروں کی شہادت کی تصدیق

تہران: (دنیا نیوز) ایران کی فوج نے کہا ہے کہ صوبہ اصفہان میں امریکی طیاروں کے خلاف کارروائی کے دوران چار فوجی افسران شہید ہوگئے۔

ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ افسران اصفہان کے علاقے مہیار میں دشمن کے لڑاکا طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور مسلح ڈرونز کے خلاف براہ راست لڑائی میں مصروف تھے کہ اس دوران وہ نشانہ بن گئے۔

ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ مذکورہ کارروائی دشمن کی فضائی سرگرمیوں کو روکنے کے لئے کی جا رہی تھی، جبکہ اس دوران زمینی اور فضائی دفاعی نظام بھی متحرک رہا، حکام نے ہلاک ہونے والے افسران کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملکی دفاع کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر گئے۔

دوسری جانب اس واقعے کے حوالے سے امریکی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، دفاعی ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے دعوے خطے میں جاری کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب مشرقِ وسطیٰ میں پہلے ہی سکیورٹی صورتحال غیر یقینی کا شکار ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اصفہان جیسے اہم صوبے میں اس طرح کی جھڑپیں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ کشیدگی کا دائرہ وسیع ہو سکتا ہے، جس کے اثرات نہ صرف ایران بلکہ پورے خطے پر مرتب ہونے کا امکان ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں