ایران کی لبنان میں اسرائیلی حملوں کی بھرپور مذمت
تہران: (دنیا نویز) ایران کی لبنان میں اسرائیلی حملوں کی بھر پور مذمت کی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکا کو جنگ بندی سے متعلق اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں، امریکا کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ معاہدہ میں لبنان بھی شامل ہو، جنگ بندی فہم کے مطابق اسرائیلی حملوں کا خاتمہ ضروری ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی لبنان میں اسرائیل کے فضائی حملے جاری ہیں جن میں ایمبولینسز اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، اسرائیل حملوں کے باعث 12 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 20 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، اسرائیلی فوج کی 5 ڈویژنز نے جنوبی لبنان میں زمینی آپریشن میں حصہ لیا، لبنان میں 2 مارچ سے ابتک 1 ہزار 888 افراد شہید کئے جا چکے، 163 بچے بھی شامل ہیں۔
لبنانی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم کا کہنا تھا کہ قابضین کے انخلا تک مزاحمت جاری رہے گی، دشمن کو زمینی سطح پر شکست ہوئی، اسرائیل جارحیت کے باوجود میزائلوں کو روکنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔
یاد رہے کہ لبنان کے دارالحکومت میں حالیہ اسرائیلی حملوں کے بعد ہسپتال زخمیوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ سے نمٹنے میں شدید مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں، جبکہ ڈاکٹروں نے خبردار کیا ہے کہ طبی سہولیات اور ضروری سامان تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔
رپورٹس میں بتاایا گیا تھا کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں ملک بھر میں 100 سے زائد مقامات کو چند منٹوں میں نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد سیکڑوں زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، بیروت ہسپتال میں ایک گھنٹے کے اندر 70 سے زائد زخمی لائے گئے، جن میں سے کئی جانبر نہ ہو سکے۔
لبنانی ریڈ کراس کے حکام نے اس صورتحال کو ’’خوفناک‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہسپتال پہلے ہی محدود وسائل کے ساتھ کام کر رہے تھے اور اب یہ حملے نظامِ صحت پر اضافی بوجھ ڈال رہے ہیں، کئی ہسپتالوں میں ادویات اور طبی آلات کی قلت پیدا ہو رہی ہے جبکہ عالمی ادارہ صحت نے بھی خبردار کیا ہے کہ چند دنوں میں اہم طبی کٹس ختم ہو سکتی ہیں۔