ہارنے والا شرائط طے نہیں کر سکتا، ایران نے ٹرمپ کی جنگ بندی توسیع مسترد کر دی
تہران: (دنیا نیوز) سپیکر ایرانی پارلیمنٹ باقر قالیباف کے مشیر نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگ بندی میں توسیع کرنے کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔
اپنے بیان میں مشیر سپیکر ایرانی پارلیمنٹ نے کہا کہ ہارنے والا فریق شرائط کا حکم نہیں دے سکتا، ناکہ بندی کا تسلسل بمباری سے مختلف نہیں اور اس کا جواب فوجی ردعمل کے ساتھ ہونا چاہیے۔
ایران کی جانب سے یہ اہم بیان ایک ایسے وقت میں جاری ہوا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔
ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر ایران پر حملہ فی الحال مؤخر کیا جا رہا ہے تاکہ ایرانی قیادت اور نمائندے متفقہ تجویز پیش کر سکیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ جنگ بندی میں اس وقت تک توسیع برقرار رہے گی جب تک ایران کی جانب سے تجویز پیش نہیں کی جاتی اور مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ جاتے، امریکی فوج کو ہدایت دی ہے کہ ایران کے خلاف ناکہ بندی جاری رکھی جائے اور دیگر تمام معاملات میں مکمل طور پر تیار رہا جائے۔