امریکی جنگی جہاز محفوظ رہے، آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرونز اور چھوٹی کشتیاں تباہ کر دیں: ٹرمپ کا دعویٰ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ یو ایس فورسز نے آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرونز اور چھوٹی کشتیوں کو تباہ کر دیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی جنگی جہاز بغیر نقصان کے آبنائے ہرمز سے گزر گئے، 3 امریکی جنگی ڈسٹرائرز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، ایرانی فورسز نے ڈرونز اور چھوٹی کشتیوں سے امریکی جہازوں پر حملہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران نے آبنائے ہرمز میں اپنے آئل ٹینکر پر امریکی حملے کا جواب دے دیا

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ امریکی جنگی جہاز بحری ناکہ بندی کے مشن میں دوبارہ شامل ہو رہے ہیں، ایران نے معاہدہ نہ کیا تو اس سے بھی زیادہ سخت کارروائی کی جائے گی۔

امریکی افواج نے ایران کے حملے کا ذاتی دفاع میں جواب دیا، سینٹ کام
امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ امریکی افواج نے ایران کی جانب سے بلا اشتعال حملے کا ذاتی دفاع میں جواب دیا ہے، امریکی بحریہ کے گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرز نے آبنائے ہرمز سے خلیج عمان کا سفر کیا، اس دوران ایرانی افواج نے میزائل، ڈرون اور چھوٹی کشتیوں سے امریکی بحری جہازوں پر حملہ کیا تاہم امریکی بحریہ کا کوئی اثاثہ نشانہ نہیں بنا۔

سینٹ کام کے مطابق امریکی فوج نے خطرے کو ختم کیا اور حملے کی ذمے دار ایرانی تنصیبات کو نشانہ بنایا، ان تنصیبات میں ایران کی میزائل اور ڈرون لانچنگ تنصیبات شامل تھیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے مزید کہا کہ ایران کی کمانڈ اینڈ کنٹرول تنصیبات، انٹیلی جینس، سرویلنس تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا، امریکہ کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا، لیکن پوری طرح مستعد ہے اور اپنی افواج کی حفاظت کیلئے تیار ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں