تیل کی فراہمی متاثر ہونے سے عالمی منڈیاں مشکل حالات کی جانب بڑھ رہی ہیں: فاتح بیرول
واشنگٹن: (دنیا نیوز) بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے سربراہ فاتح بیرول نے خبردار کیا ہے کہ جنگ کے باعث روزانہ لاکھوں بیرل تیل کی فراہمی متاثر ہونے سے عالمی توانائی منڈیاں مشکل حالات کی جانب بڑھ رہی ہیں۔
بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے سربراہ فاتح بیرول نے کینیڈا گروتھ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی خام تیل کی قیمتیں جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کی ممکنہ بحالی سے متعلق متضاد اطلاعات کے باعث مسلسل اتار چڑھاؤ کا شکار ہیں۔
فاتح بیرول نے کہا کہ قیمتیں چھیانوے ڈالر سے بڑھ کر ایک سو دو ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر رہی ہیں، موجودہ صورتحال میں سب سے اہم عنصر غیر یقینی اور شدید اتار چڑھاؤ ہے اسی لیے تیل کی فراہمی کا تحفظ بدستور ایک بنیادی مسئلہ رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر تیل کی سپلائی میں رکاوٹیں برقرار رہیں تو بین الاقوامی توانائی ایجنسی اپنے سٹریٹجک ذخائر سے مزید تیل جاری کرنے کے لیے تیار ہے۔